لاہور‘ فیروزوالا‘ موڑ کھنڈا‘ سرائے مغل‘ قصور‘ شیخوپورہ، ملتان (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی+سماجی رپورٹر + ) پنجاب میں سیلاب سے قصور اور ملتان شدید خطرے میں ہے۔ لاکھوں افراد نے نقل مکانی کی۔ پنجاب کے سیلاب والے علاقوں میں بارش، جہلم میں ندی نالے بپھر گئے۔ پانی آبادی میں داخل‘ مدرسے کی چھت سے بچوں کو بچا لیا گیا۔ ستلج ‘ گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے‘ چناپ پر 1169‘ راوی پر 478 ستلج پر391 دیہات متاثر ہوئے۔ چناب کا سیلابی ریلا جھنگ میں داخل ہونے سے دیہات ڈوب گئے۔ سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں تباہ‘ رابطہ سڑکیں پانی میں غائب ہو گئیں۔ کئی افراد محصور‘ 135 دیہات پانی کے گھیرے میں آ گئے۔ ملتان میں سیلاب‘ شجاع آباد کی فصلوں میں پانی داخل‘ 140 دیہات پانی سے متاثر ہوئے ہیں بارش جاری ہے۔ رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ملتان میں دریائے چناب پر 12 گھنٹے میں بڑا ریلا متوقع ہے۔ متعدد مقامات سے آبادی کو نقل مکانی کرائی گئی۔ راوی میں جسٹر اور شاہدرہ پر پانی کے بہاؤ میں کمی ہو گئی۔ بلوکی پر بہاؤ دو لاکھ 11 ہزار کیوسک، متاثرہ علاقوں میں ہزاروں ایکڑ پر فصلیں تباہ‘ تمام سپیل ویز کھول دیئے گئے۔ نارووال میں نہر ایم آر لنک کا بند ٹوٹ گیا۔ 20 دیہات متاثر ہو گئے۔ ننکانہ میں تقف مدا کے قریب بند میں شگاف‘ چوہنگ میں سیلابی پانی میں کمی‘ پھول نگر ‘ سرائے مغل میں بدترین سیلابی صورتحال‘ ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ والا میں پانی کے بہاؤ میں کمی ہوگئی۔ 22 دیہات متاثر ‘ بہاولنگر میں 105 موضع متاثر‘ 90 ہزار ایکڑ زرعی زمین متاثر ہوئی۔ دریائے سندھ میں منگل اور بدھ کی رات سیلاب کا خدشہ‘ 16 لاکھ لوگ متاثر ہونیکا خطرہ ہے۔ پنجاب میں سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی، 15 لاکھ 16 ہزار 603 لوگ متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ علاقوں سے 4 لاکھ 81 ہزار سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
