جدہ: 6 ستمبر 2025 — پاکستانی قونصلیٹ جدہ میں 60واں یومِ دفاع پاکستان منایا گیا
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان، جدہ نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور پاکستان و سعودی عرب کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔
یہ تقریب وطنِ عزیز اور اس کے بہادر دفاعی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی، خاص طور پر 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں دی جانے والی قربانیوں کو یاد کیا گیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔
قونصل جنرل پاکستان جدہ،خالد مجید نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کی خودمختاری اور سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سال کا یومِ دفاع ایسے وقت میں آیا ہے جب ملک شدید سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے قوم سے اتحاد، یکجہتی اور اپنے وطن کی خدمت کے جذبے سے آگے بڑھنے کی اپیل کی۔قونصل جنرلُ نے سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوئے کمیونٹیُ سے درخواست کی کہ وہ انکی امداد کاُ پروگرام بنائیں قونصلیٹ جہاں مدد کرسکتا ہے وہُمدد کرے گا تقریب سے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مسعود احمد پوری ، پاکستانی اسکولوں کے طلباءُسید حسن احمد اور زوہیب احمد نے یوم دفاع کے حوالے سے پرجوش تقاریر کیں
تقریب کا اختتام پاکستان، کشمیر، فلسطین کے شہداء اور امتِ مسلمہ کی سلامتی و فلاح کے لیے اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔
